چھ کروڑ 70 لاکھ سال قدیم ٹائرانوسورس ریکس (یعنی ٹی ریکس) کا ایک فوسل (ڈھانچہ) نیویارک میں دنیا کے معروف نیلام گھر سوتھبیز کی نیلامی میں تین کروڑ 74 لاکھ پاؤنڈ (5 کروڑ 1 لاکھ ڈالر ڈالر) میں فروخت ہوا ہے۔
یہ کسی بھی ڈائنوسار کے لیے اب تک ادا کی جانے والی سب سے بڑی رقم ہے۔
سوتھبیز کے مطابق اس گوشت خور اور خطرناک ڈائنوسار کا یہ ڈھانچہ 12 فٹ (4 میٹر) سے زیادہ بلند ہے اور اس کی 60 فیصد سے زیادہ ہڈیاں برآمد ہونے کے باعث یہ اب تک ملنے والے مکمل ترین نمونوں میں سے ایک ہے۔
منگل کو ہونے والی اس فروخت میں کامیاب بولی دینے والے کی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
2021 میں امریکی ریاست ساؤتھ ڈکوٹا کے ایک دور دراز علاقے میں دریافت ہونے والے اس ٹی۔ ریکس کو گس کا نام دیا گیا ہے۔
